پاکستان نے 12 سال بعد ایشین گیمز ہاکی میں تمغہ جیت لیا، جنوبی کوریا کو 5-3 سے شکست
کاکامیگارا: پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ایشین گیمز ہاکی میں 12 سال بعد کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
گفُو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کانسی کے تمغے کے میچ میں پاکستان کو ایک موقع پر 1-3 کے خسارے کا سامنا تھا، تاہم قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلے کا پانسہ پلٹ دیا۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے دو گول کیے، جبکہ سفیان خان، عبدالرحمٰن اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے دوسرے ہاف میں بھرپور کم بیک کیا اور جنوبی کوریا کے خلاف مسلسل گول کرتے ہوئے برتری حاصل کی، جس کے بعد قومی ٹیم نے دفاعی انداز اپناتے ہوئے کامیابی کو برقرار رکھا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے 12 سال بعد ایشین گیمز ہاکی میں دوبارہ پوڈیم پر جگہ بنالی۔ قومی ٹیم نے اس سے قبل 2014 کے ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔