تازہ ترین

پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کی اسمبلی نشستیں واپس کرے، بیرسٹر گوہر کا مطالبہ

0

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پیپلز پارٹی سے قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستیں واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو آزاد اور ووٹ کے تقدس کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ آئندہ ووٹ کے تقدس کو پامال ہونے سے بچایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر نظام قائم ہوگا تو عوام خوشحال ہوں گے، معیشت مضبوط ہوگی اور ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، تاہم ذاتی مفادات کو ترجیح دینے سے نہ سیاسی استحکام ممکن ہوگا اور نہ ہی عوام خوشحال ہوسکیں گے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات سے متعلق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ مقدمات بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں۔ ان کے بقول سیاسی مخالفین بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مقدمات میں رات کی تاریکی اور بند دروازوں کے پیچھے سزائیں سنائی گئیں۔ انہوں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ ان کا مؤقف کھلی عدالت میں سنا جائے۔

نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس معاملے پر ابھی رائے دینا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ تاحال یہ واضح نہیں کہ کتنے صوبے بنائے جائیں گے، ان کی حدود کیا ہوں گی اور کن علاقوں کو شامل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے، جس میں سیاسی مفادات کے بجائے عوامی احساسات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس معاملے پر مشاورت کے بعد ہی پارٹی اپنا مؤقف دے گی اور جب کوئی باضابطہ مسودہ سامنے آئے گا تو اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پارٹی اپنا آئندہ لائحہ عمل بھی پیش کرے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس کو خط لکھے جانے کے بعد 72 گھنٹے سے زائد گزر چکے ہیں، اس لیے مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے خط کو درخواست کے طور پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.