تازہ ترین

دکی میں غیر قانونی پٹرول پمپس، بجلی چوری اور تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ

0

ضلع دکی میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، کان کنوں کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی سی سی) کے اجلاس میں ایس پی دکی محمد یونس رضا، ضلعی محکموں کے سربراہان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) اور بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت جاری اسکیموں کی پیش رفت، تعمیراتی کاموں کے معیار اور بروقت تکمیل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور انتظامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی آلات کی دستیابی اور حفاظتی اقدامات پر خصوصی غور کیا گیا، جبکہ بجلی کے واجبات کی ادائیگی اور بجلی سے متعلق دیگر مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

شرکا نے سرکاری و نجی اراضی پر قائم تجاوزات، غیر قانونی پٹرول پمپس، بجلی چوری، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، منشیات کی روک تھام اور غیر قانونی آبادکاری کے خلاف مؤثر کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے درمیان مشترکہ حکمت عملی اور مربوط اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں کھلی کچہریوں کے دوران عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے گئے فیصلوں اور ان پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کو عوامی شکایات کے فوری ازالے اور جاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے کہا کہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، کان کنوں کا تحفظ، عوامی مسائل کا فوری حل اور قانون کی عملداری ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.