تازہ ترین

ناسا کے خلائی جہاز نے نیا سنگ میل عبور کرلیا، زمین سے ایک نوری دن کی مسافت پر پہنچ گیا

0

امریکی خلائی ادارے ناسا کا خلائی جہاز وائجر 1 زمین سے ایک نوری دن کی مسافت طے کرنے والا پہلا خلائی جہاز بن گیا ہے۔ تقریباً 49 سال سے خلا میں سفر کرنے والا یہ جہاز بدھ کو زمین سے تقریباً 26 ارب کلومیٹر (16 ارب میل) دور پہنچ گیا۔

ناسا کے مطابق ایک نوری دن وہ فاصلہ ہے جو روشنی 24 گھنٹوں میں طے کرتی ہے۔ وائجر 1 پہلے ہی انسانوں کا تیار کردہ زمین سے سب سے زیادہ دور جانے والا خلائی جہاز ہے۔

ناسا کی سائنسدان ٹفنی کٹاریا نے اس کامیابی کو خلا کی وسعت کا بہترین مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان دوسرے ستاروں کے نظام تک پہنچنے کے خواب دیکھتا ہے، لیکن وائجر 1 کو ہمارے اپنے نظام شمسی کے کنارے تک پہنچنے میں ہی تقریباً 50 سال لگ گئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے مقابلے میں دوسرے کئی سیاروی نظام ہم سے کم از کم کئی نوری سال کے فاصلے پر ہیں۔

وائجر 1 اور اس کا جڑواں خلائی جہاز وائجر 2 سنہ 1977 میں روانہ کیے گئے تھے۔ یہ دونوں اب تک نظام شمسی سے باہر بین النجمی خلا تک پہنچنے والے واحد خلائی جہاز ہیں اور وہاں اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وائجر 1 کو زمین سے بھیجے گئے پیغامات پہنچنے میں تقریباً 24 گھنٹے لگتے ہیں، جبکہ اس کی جانب سے بھیجے گئے جوابی سگنلز بھی زمین تک پہنچنے میں اتنا ہی وقت لیتے ہیں۔

دونوں خلائی جہاز اپنے ساتھ سنہری ریکارڈز بھی لے کر گئے ہیں۔ یہ 30 سینٹی میٹر کے سونے کی تہہ چڑھے تانبے کے ڈسک ہیں، جنہیں کسی ممکنہ خلائی مخلوق تک زمین اور انسانی تہذیب کا تعارف پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

بجلی بچانے کے لیے وائجر 1 کے بعض آلات، جن میں کیمرے بھی شامل ہیں، بند کیے جاچکے ہیں، تاہم یہ اب بھی مقناطیسی میدانوں اور ستاروں کے درمیان موجود گیس، گردوغبار اور دیگر مادوں کا مطالعہ کررہا ہے۔

وائجر خلائی جہاز ماضی میں مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون سمیت نظام شمسی کے بڑے سیاروں کا بھی جائزہ لے چکے ہیں۔ وائجر 1 کی جانب سے مشتری کی لی گئی تصاویر میں پہلی مرتبہ اس سیارے کے گرد حلقوں کی موجودگی سامنے آئی تھی، جبکہ اس کے ماحول میں شدید طوفانی سرگرمیوں کو سمجھنے میں بھی مدد ملی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.