تازہ ترین

زرعی پانی کی فراہمی میں بہتری کے لیے ڈپٹی کمشنر صحبت پور سے چیف انجینئر کینالز کی ملاقات

0

ضلع صحبت پور اور نصیرآباد ڈویژن میں زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم اور نہری نظام کی بہتری کے لیے محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطہ کاری مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

چیف انجینئر کینالز قربان علی جتوئی نے ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل مدثر ظفر کھوسہ، ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال شمس الملک بادینی اور ایگزیکٹو انجینئر کچھی کینال الٰہی بخش گاجانی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ضلع صحبت پور سمیت نصیرآباد ڈویژن میں زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم، نہری نظام کی بہتری، محکمہ آبپاشی کو درپیش مسائل اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکا نے زرعی شعبے کی پانی کی ضروریات، نہروں میں پانی کی دستیابی، مختلف علاقوں تک بروقت فراہمی اور نہری نظام کی مؤثر نگرانی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ کاشتکاروں کو ان کے مقررہ حصے کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ زرعی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور نہروں کے آخری حصوں تک بھی پانی پہنچ سکے۔

چیف انجینئر کینالز قربان علی جتوئی نے محکمہ آبپاشی کو درپیش انتظامی اور فنی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا، جبکہ نہری نظام کی بہتری اور پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے کہا کہ زراعت علاقے کی معیشت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور کاشتکاروں کے مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم اور کاشتکاروں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے محکمہ آبپاشی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نہری نظام سے متعلق مسائل کو باہمی مشاورت اور مربوط حکمت عملی کے تحت حل کیا جائے تاکہ زرعی شعبے کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.