اوپن اے آئی کا پاکستان سمیت 26 مزید ممالک میں چیٹ جی پی ٹی پر اشتہارات شروع کرنے کا اعلان
اوپن اے آئی نے آمدنی بڑھانے کی کوششوں کے تحت پاکستان سمیت مزید 26 ممالک میں چیٹ جی پی ٹی پر اشتہارات کی توسیع کا اعلان کردیا، جس کے بعد اشتہارات کی سہولت والے ممالک کی مجموعی تعداد 89 ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی اپنے اشتہاری کاروبار کو وسعت دے رہی ہے، جبکہ اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں امریکا میں چیٹ جی پی ٹی پر اشتہارات کی آزمائش شروع کی گئی تھی۔
کمپنی کے مطابق اگست میں اس کے اشتہاری کاروبار کی سالانہ آمدنی کی شرح ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جبکہ اب تک ایک لاکھ سے زائد مشتہرین اس پلیٹ فارم پر اشتہاری مہمات چلا چکے ہیں۔
اشتہارات کی توسیع کے تحت لاطینی امریکا کے مزید 14 ممالک کو شامل کیا گیا ہے، جن میں ارجنٹینا، چلی، کولمبیا اور پیرو شامل ہیں۔ اس سے قبل میکسیکو اور برازیل میں بھی اشتہارات متعارف کرائے جاچکے ہیں۔
یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقا اور ایشیا کی مختلف مارکیٹوں میں بھی اشتہارات شروع کیے جارہے ہیں۔ ان ممالک میں پاکستان کے علاوہ نائجیریا، جنوبی افریقا، سربیا، یوکرین اور کمبوڈیا سمیت بنگلہ دیش بھی شامل ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق نئے ممالک میں مشتہرین ٹیکنالوجی شراکت داروں کے ذریعے چیٹ جی پی ٹی پر اشتہارات تک رسائی حاصل کرسکیں گے، جبکہ کمپنی کے اشتہاری نظام کے ذریعے براہ راست اشتہاری مہمات چلانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اشتہارات صرف چیٹ جی پی ٹی کے مفت اور گو (Go) منصوبوں میں دکھائے جائیں گے، جبکہ پلس، پرو اور انٹرپرائز صارفین کی سبسکرپشنز اشتہارات سے پاک رہیں گی۔
ستمبر میں اوپن اے آئی نے مشتہرین کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نئے ٹولز متعارف کرائے تھے اور امریکا میں منتخب مشتہرین کے ساتھ کاروباری اشتہاری ایجنٹس کی آزمائش بھی شروع کی تھی۔