تازہ ترین

بدر منصوبہ علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، خواجہ آصف

0

پاکستان، قطر، ترکیہ اور انڈونیشیا نے دفاعی صنعت، مشترکہ پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے چاروں ممالک کے درمیان بدر منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قابل اعتماد شراکت داروں کے ساتھ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کو اہمیت دیتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان متعلقہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق دفاعی شعبے میں خود کفالت، صنعتی تعاون، مشترکہ پیداوار اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق مشترکہ تحقیق و ترقی، تربیتی تبادلوں اور صنعتی صلاحیت بڑھانے میں تعاون بھی اس شراکت داری کے اہم مقاصد ہیں۔

اس سے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں چاروں ممالک کے درمیان دفاعی صنعتوں میں تعاون کے بدر منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج، ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گولر، انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع اور متعلقہ دفاعی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

قطر کی وزارت دفاع کے مطابق بدر منصوبے کا مقصد چاروں ممالک کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دفاعی صنعت میں اشتراک اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دفاعی تربیت، تحقیق و ترقی اور جدید دفاعی ضروریات کے مطابق ٹیکنالوجی اور صنعتی حل تیار کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق اس تعاون سے شریک ممالک کی دفاعی صنعتوں کی استعداد بڑھانے اور دوست ممالک کی دفاعی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ معاہدے کو چاروں ممالک کے درمیان تکنیکی اشتراک اور تزویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.