تازہ ترین

واٹس ایپ کا نیا فیچر، تصویری اسٹیکرز کے ساتھ آواز بھی بھیجنا ممکن ہوگ

0

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے تصویری اسٹیکرز کے ساتھ آواز بھی منسلک کی جا سکے گی۔ اس سہولت کی آزمائش اینڈرائیڈ ایپ کے پبلک بیٹا ورژن میں شروع کردی گئی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’9 ٹو 5 میک‘ کے مطابق نئے فیچر کے تحت صارفین اپنے موبائل فون کی گیلری میں موجود کسی ویڈیو کو اسٹیکر میں تبدیل کرسکیں گے۔ اس کے بعد اسٹیکر ایڈیٹر میں موجود نئے آڈیو بٹن کے ذریعے اس کے ساتھ آواز شامل کی جا سکے گی۔

صارفین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ویڈیو کی اصل آواز برقرار رکھیں، اپنی آواز ریکارڈ کریں یا موبائل فون میں پہلے سے محفوظ آڈیو فائل منتخب کرکے اسٹیکر کے ساتھ منسلک کردیں۔

اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اسٹیکر وصول کرنے والے شخص کو اس کے ساتھ ایک چھوٹا سا آڈیو آئیکون بھی دکھائی دے گا۔ آواز خودکار طور پر نہیں چلے گی بلکہ اسٹیکر پر ٹیپ کرنے کے بعد ہی سنائی دے گی۔

رپورٹ کے مطابق یہ سہولت صرف صارفین کے تیار کردہ اسٹیکرز تک محدود نہیں ہوگی بلکہ عام اسٹیکرز کے ساتھ بھی آواز منسلک کی جا سکے گی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’اینگیجٹ‘ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا اپ ڈیٹ 2.26.41.3 کا حصہ ہے۔ دلچسپی رکھنے والے صارفین گوگل پلے اسٹور کے ذریعے بیٹا ٹیسٹر بننے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ نے تاحال اس فیچر کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.