تازہ ترین

بلوچستان حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے، میر سرفراز بگٹی

0

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل اور انہیں رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کا اجرا میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں کوئٹہ میں مختلف ٹی وی چینلز کے بیوروز کی بندش، صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ اور معاشی مشکلات، جرنلسٹس ہاؤسنگ اسکیم اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات اور مختلف چیلنجز کے باوجود اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں، جو قابل قدر خدمات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد، ذمہ دار اور فعال صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور عوامی مسائل کی مؤثر نشاندہی کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور جرنلسٹس کالونی کے قیام کے حوالے سے عملی پیش رفت جاری ہے۔ حکومت صحافیوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کے اجرا کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا، تاکہ صحافتی اداروں میں کام کرنے والے کارکنوں کے معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بروقت تنخواہوں کی ادائیگی اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کو اہم معاملہ قرار دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود سمیت پیشہ ورانہ مشکلات کے ازالے کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے حکومتی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.