وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی روابط مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان باقاعدہ تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اور ان کے ہمراہ آئے وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جن کی بنیاد دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ اور ثقافتی قربت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی وفد کے دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتیں اور سرگرمیاں پارلیمانی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ملکوں کی قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان باقاعدہ تبادلے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا یہ دورہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔