دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں، جبکہ موٹروے پولیس نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دن کی روشنی میں سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کردی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم ٹو پر لاہور ٹھوکر سے کالا شاہ کاکو اور لاہور سے کوٹ مومن تک ٹریفک معطل ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند کردی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم فور کے دیگر تمام حصے شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔ ان کے مطابق موٹرویز کی بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔
مسافروں کو دورانِ سفر رفتار کم رکھنے، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے، لین کی پابندی کرنے اور غیر ضروری اوورٹیکنگ یا اچانک بریک لگانے سے اجتناب کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے پہلے گاڑی کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کی درست حالت یقینی بنائیں۔