اسپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ سیٹلائٹس بھیجنے کی اجازت مل گئی
مصنوعی ذہانت کے لیے کمپیوٹنگ صلاحیت میں اضافے کی غرض سے ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ تک سیٹلائٹس بھیجنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے بدھ کے روز اسپیس ایکس کے مجوزہ ’اسٹارمائنڈ‘ سیٹلائٹ نیٹ ورک کی منظوری دی۔
اسپیس ایکس نے رواں سال کے آغاز میں خلا میں 10 لاکھ تک آربیٹل کمپیوٹنگ ماڈیولز بھیجنے کی اجازت طلب کی تھی۔ ان ماڈیولز کے ذریعے بڑی مقدار میں ڈیٹا پراسیس کیا جائے گا، جسے زمین پر مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
ایف سی سی کے اعلامیے کے مطابق امریکا میں مصنوعی ذہانت کی غیر معمولی ترقی کے موجودہ دور میں اسپیس ایکس کو 10 لاکھ مداری کمپیوٹنگ ماڈیولز نصب کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ بڑے پیمانے پر ڈیٹا پراسیسنگ ممکن بنائی جا سکے۔
منصوبے کا بنیادی مقصد خلا میں ایسے ڈیٹا سینٹرز قائم کرنا ہے جو مصنوعی ذہانت کے پیچیدہ نظاموں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درکار کمپیوٹنگ صلاحیت فراہم کرسکیں۔
اس پیش رفت سے مستقبل میں خلائی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں اہم تبدیلیوں کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، تاہم منصوبے پر عمل درآمد اور اتنی بڑی تعداد میں سیٹلائٹس کی تعیناتی کے لیے تکنیکی اور عملی چیلنجز بھی درپیش ہوں گے۔