مصر میں آئل ٹینکر حادثے کے بعد خوفناک آتشزدگی، 31 افراد ہلاک، 21 زخمی
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے نواحی علاقے گیزہ میں رنگ روڈ پر آئل ٹینکر الٹنے کے بعد بھڑکنے والی آگ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ضلع الوراق میں پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والا ٹینکر حادثے کا شکار ہوکر الٹ گیا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے تیزی سے پھیلتے ہوئے قریب سے گزرنے والی دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق اس آتشزدگی کے دوران کم از کم 27 گاڑیاں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں، مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ متعدد گاڑیوں میں سوار افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔
مصری وزارت صحت کے حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، جبکہ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
مصری حکام نے حادثے کی باضابطہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ آتشزدگی میں بری طرح جھلس جانے والی اور ناقابل شناخت لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قاہرہ میں ٹینکر میں لگنے والی تباہ کن آگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے المناک نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قاہرہ میں ٹینکر کی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انہیں شدید رنج ہے۔
شہباز شریف نے صدر مصر عبدالفتاح السیسی، سوگوار خاندانوں اور مصر کے برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے برادر ملک مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔