کیچ میں تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ، پانچ گاڑیاں جلا دی گئیں، مستونگ میں ڈرائیور قتل
بلوچستان کے اضلاع کیچ اور مستونگ میں پیش آنے والے دو الگ واقعات میں پانچ گاڑیاں نذرِ آتش کر دی گئیں جبکہ فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔
سرکاری اہلکار اکرم بلوچ نے کیچ میں پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے علاقے بل نگور میں مچات کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کی سائٹ کو نشانہ بنایا۔
ان کے مطابق حملہ آوروں نے کیمپ سائٹ پر موجود گاڑیوں اور دیگر اشیا کو آگ لگا دی، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حملہ آوروں نے وہاں موجود کارکنوں کو نشانہ نہیں بنایا، البتہ انہیں کام بند کرنے کی وارننگ دی۔
تعمیراتی کمپنی کے مالک رئوف شہزاد نے فون پر بتایا کہ حملے کے دوران پانچ گاڑیاں نذرِ آتش کی گئیں، جن میں دو ٹینکر، دو ٹریکٹر اور ایک ڈبل ڈور پک اپ شامل ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ سے متصل ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں نامعلوم افراد نے معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔
مستونگ میں ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جاں بحق ڈرائیور کی شناخت نور علی کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ سے تھا۔