تازہ ترین

پاکستانی خلا باز ذیشان علی خلائی مشن میں کیا فرائض انجام دیں گے؟

0

پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی تاریخی خلائی مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے شریک ہیں۔ اس ذمہ داری کے تحت انہیں خلائی جہاز میں موجود مخصوص سائنسی آلات اور تجربات کو چلانے، ان کی نگرانی کرنے اور مشن کے سائنسی اہداف کی تکمیل میں کردار ادا کرنا ہے۔

خلائی مشنز میں ’پے لوڈ‘ سے مراد وہ سائنسی یا تکنیکی آلات ہوتے ہیں جو عملے اور خلائی جہاز کے بنیادی نظاموں کے علاوہ مشن کے ساتھ لے جائے جاتے ہیں۔ ان میں تحقیقی آلات، تجرباتی ڈیوائسز اور مختلف سائنسی منصوبوں سے متعلق مواد شامل ہوتا ہے۔

پے لوڈ اسپیشلسٹ وہ ماہر ہوتا ہے جسے ان مخصوص آلات اور تجربات کو چلانے، ان کی کارکردگی کی نگرانی کرنے اور ان کا انتظام سنبھالنے کی ذمہ داری دی جاتی ہے، تاکہ خلائی مشن کے سائنسی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔

اس ماہر کے فرائض میں حیاتیات، طبیعیات اور کیمیا سمیت مختلف سائنسی شعبوں سے متعلق تجربات انجام دینا شامل ہوتا ہے۔ وہ تجرباتی آلات نصب کرتا ہے، ان کی کارکردگی پر نظر رکھتا ہے اور تجربات کے دوران حاصل ہونے والے سائنسی ڈیٹا اور مشاہدات کو ریکارڈ کرتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر آلات کی ترتیب اور تکنیکی ایڈجسٹمنٹ بھی اس کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

پے لوڈ اسپیشلسٹ جمع کیے گئے ڈیٹا اور تجرباتی نتائج زمین پر موجود سائنسدانوں اور تحقیقی ٹیموں تک بھی پہنچاتا ہے، تاکہ وہ ان معلومات کا تجزیہ کرکے اپنی تحقیق کو آگے بڑھا سکیں۔

اس ذمہ داری کے لیے کسی شخص کا پیشہ ور یا کیریئر خلا باز ہونا ضروری نہیں۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کے اسپیس شٹل پروگرام کے دوران بھی سائنسدانوں، یونیورسٹی محققین اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو مخصوص تجربات اور سائنسی آلات کی نگرانی کے لیے منتخب کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم انہیں خلائی سفر اور مشن کی ذمہ داریوں کے لیے ضروری تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

پے لوڈ اسپیشلسٹ اور مشن اسپیشلسٹ دونوں خلائی مشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم ان کی ذمہ داریاں مختلف ہوتی ہیں۔ مشن اسپیشلسٹ خلائی جہاز کے مجموعی آپریشنز، تکنیکی نظاموں اور مشن کی سرگرمیوں میں معاونت کرتا ہے، جبکہ پے لوڈ اسپیشلسٹ کی توجہ مخصوص سائنسی یا تکنیکی آلات اور ان سے متعلق تجربات پر مرکوز ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ پے لوڈ اسپیشلسٹ کی اصطلاح ناسا کے اسپیس شٹل پروگرام کے دوران زیادہ استعمال ہوتی تھی، تاہم جدید خلائی مشنز میں پے لوڈ سے متعلق ذمہ داریاں ایسے دیگر خلا بازوں کو بھی دی جا سکتی ہیں جنہوں نے اس حوالے سے مطلوبہ تربیت حاصل کی ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.