سعودی بندرگاہ جازان پر حوثیوں کا حملہ ناکام، جدہ کے قریب ڈرون بھی مار گرایا گیا
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان کی بندرگاہ پر حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا پروجیکٹائل گرنے سے معمولی نقصان ہوا، تاہم کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی عرب کی اتحادی فورسز کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والے پروجیکٹائل کی نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اتحادی فورسز نے بدھ کے روز جدہ اسلامی بندرگاہ کے قریب حوثیوں کا ایک ڈرون بھی روک کر تباہ کردیا۔ حکام کے مطابق ڈرون کا ملبہ گرنے سے کوئی شہری زخمی نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا میزائل بھی تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے ریاض صوبے میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا، تاہم بعدازاں خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا گیا۔
یہ واقعات ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثی حملے کے ایک روز بعد پیش آئے۔ اس حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں دو سعودی شہری اور نو غیر ملکی باشندے شامل تھے۔