روسی بیلسٹک میزائلوں کا یوکرینی دارالحکومت کیف پر حملہ، 3 افراد زخمی
کیف: یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی افواج نے بدھ کی رات بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شاپنگ سینٹر سمیت تین عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
کیف کے میئر وٹالی کلِچکو نے بتایا کہ روسی میزائلوں نے دریائے دنیپرو کے مشرقی جانب واقع ایک شاپنگ سینٹر اور دو دیگر عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے عینی شاہدین نے شہر میں زور دار دھماکوں کی دو سیریز سنے جانے کی اطلاع دی۔
میئر وٹالی کلِچکو نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ حملہ جاری ہے اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں میں رہیں۔
حکام کے مطابق حملے میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ روسی افواج ستمبر سے کیف سمیت یوکرین کے مختلف شہروں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں۔ رواں ہفتے کے آغاز میں یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے انٹیلی جنس معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ روس یوکرین پر ایک بڑے نئے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
دوسری جانب روس اور یوکرین دونوں ہی شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہیں۔