شی جن پنگ کا پاکستانی خلائی مشن پر صدر زرداری کو مبارکباد کا پیغام
اسلام آباد: چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستانی خلا باز کی چین کے خلائی اسٹیشن میں تاریخی آمد پر حکومت اور عوامِ پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے خلا بازوں کا کائنات کی تلاش میں ایک ساتھ آگے بڑھنا پاک چین گہری دوستی اور باہمی تعاون کی ایک نئی مثال ہے۔
صدر شی جن پنگ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے نام اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں اور سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 برسوں کے دوران دونوں ممالک کی دوستی مضبوط اور ناقابلِ شکست رہی ہے۔
چینی صدر کے مطابق دونوں ممالک کے خلا بازوں کا خلائی تحقیق کے مشترکہ سفر میں شامل ہونا گہری دوستی کا عملی ثبوت اور دوطرفہ تعاون کی ایک اہم کامیابی ہے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ کائنات کی وسعت کے پیش نظر خلائی تحقیق کا سفر کبھی ختم نہیں ہوتا۔ چینی خلائی اسٹیشن امن، دوستی اور تعاون کی علامت ہے۔ چین پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خلا کے پُرامن استعمال، بین الاقوامی خلائی تعاون کے فروغ اور عالمی خلائی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے، تاکہ خلائی تحقیق کے فوائد پوری انسانیت تک پہنچ سکیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خط میں چین کی حکومت اور عوام کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور چین کے انسانی خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔
صدر زرداری نے چین کی خلائی ایجنسی (CMSA) اور ایسٹروناٹ سینٹر آف چائنا کی معاونت، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں چین کی غیر معمولی ترقی اور پُرامن خلائی تحقیق میں بین الاقوامی تعاون کے عزم کی عکاس ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس تاریخی کامیابی پر فخر محسوس کرتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی خلائی ایجنسی اور پاکستان کے سپارکو کے درمیان تعاون نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کے نئے راستے کھولے ہیں۔
صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کو سائنسی تحقیق، جدت اور تکنیکی ترقی کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یہ سنگِ میل مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے اور خلائی سائنس، تحقیق، تکنیکی جدت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون کو نئی تقویت فراہم کرے گا۔
چینی صدر شی جن پنگ اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی خلا باز کی تاریخی خلائی کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے اس پیش رفت کو پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ایک اہم علامت قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، دوستی اور ترقی کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا اور سائنس، ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین مستقبل میں بھی مشترکہ ترقی اور پُرامن خلائی تحقیق کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔