پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تجارت، سیاحت، کھیل، صحت، ہوا بازی اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مالدیپ کے وزیر سیاحت محمد امین نے اعلان کیا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی براہِ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر سلیبریٹیز مالدیپ جائیں گے۔ ان کے مطابق پاکستانی شخصیات مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ براہِ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہو جائے گا۔ پاکستانی عوام سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس اقدام سے مالدیپ آنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور صفائی کے نظام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی مناظر دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے اور یہ شہر حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
تجارتی اور معاشی روابط کے حوالے سے محمد امین نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے ماہر افرادی قوت کا خیرمقدم کرے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء کی درآمد کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔