سلطان اذلان شاہ کپ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو 2-3 سے ہرا دیا
ایپوہ: پاکستان ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ کپ میں جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنانے کی امیدیں برقرار رکھ لی ہیں۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے مقابلے میں ہنّان شاہد نے دو گول اسکور کرکے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ رانا وحید اشرف نے بھی ایک گول کیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے چار میچز میں تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے پوائنٹس کی تعداد 9 کرلی۔
پاکستان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پانچویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے فیلڈ گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ پہلے کوارٹر کے اختتام تک جنوبی کوریا کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی اور پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل رہی۔
پاکستان کی جانب سے دوسرا گول 23ویں منٹ میں ہنّان شاہد نے کیا، جس کے بعد قومی ٹیم کو دو گول کی برتری حاصل ہوگئی۔ تاہم تیسرے کوارٹر کے پانچویں منٹ میں جنوبی کوریا کے چن سیمِن نے فیلڈ گول کرکے خسارہ کم کردیا۔
مقابلے کے 53ویں منٹ میں ہنّان شاہد نے ایک مرتبہ پھر گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کی برتری دو گول کردی۔ ایک منٹ بعد پاکستانی کھلاڑی سفیان خان کو یلو کارڈ دکھایا گیا، جس کے باعث قومی ٹیم کو میچ کے آخری حصے میں ایک کھلاڑی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی کوریا نے 60ویں منٹ میں لی من ہیوک کے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے آخری لمحات میں برتری برقرار رکھتے ہوئے تین اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔
پاکستان کے تینوں گول فیلڈ پلے کے ذریعے کیے گئے، جبکہ جنوبی کوریا نے ایک فیلڈ گول اور ایک پنالٹی کارنر پر گول اسکور کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر سمیع اللہ نے جنوبی کوریا کے خلاف کامیابی کو اچھا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی جانب سے فیلڈ گول اسکور کرنا خوش آئند ہے، تاہم پنالٹی کارنرز سے بھی گول کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفیان خان ٹیم کے اہم پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ ہیں اور اس شعبے میں مزید بہتری کیلئے کوچ اور کھلاڑی کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
سمیع اللہ کے مطابق آسٹریلیا بھی ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہا ہے، جبکہ پاکستان کیلئے ملائیشیا کے خلاف آخری میچ فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں جگہ بنانے سے ٹیم کا اعتماد مزید بڑھے گا۔
پاکستان جمعرات کو اپنے آخری لیگ میچ میں میزبان ملائیشیا کا سامنا کرے گا، جہاں کامیابی فائنل تک رسائی کیلئے اہم ہوگی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ہفتے کے روز شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز میں کینیڈا اور امریکا کو یکساں 5-1 کے اسکور سے شکست دی تھی، تاہم تیسرے مقابلے میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 5-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اب تک سلطان اذلان شاہ کپ کے تین ٹائٹل جیت چکا ہے، جبکہ سات مرتبہ چاندی اور تین مرتبہ کانسی کے تمغے بھی حاصل کیے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا دس ٹائٹلز کے ساتھ سب سے کامیاب ٹیم ہے، جبکہ بھارت پانچ مرتبہ چیمپئن بن چکا ہے۔