تازہ ترین

کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

0

کوئٹہ میں پولیو ویکسین سے انکار کرنے والے بچوں تک رسائی کے لیے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت والدین کو قائل کرنے اور بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی فیلڈ میں ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت اس حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سخت انکار (Hard Refusal) کرنے والے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے ایکسٹینڈڈ کمپین کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور پولیو پروگرام کے افسران نے شرکت کی اور مہم کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکسٹینڈڈ کمپین کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ وہ سخت انکار کرنے والے بچوں کے والدین کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ پولیو کے مکمل خاتمے اور ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہیے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں جاری رکھنی ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.