تازہ ترین

پاکستان ایئر فورس کے پائلٹ سے خلاباز تک

0

پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کا حصہ بن گئے ہیں۔ وہ 25 نومبر کو تین رکنی عملے کے ہمراہ خلائی سفر پر روانہ ہوں گے اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ جانے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن جائیں گے۔

40 سالہ محمد ذیشان علی پاکستان کی مسلح افواج میں بطور پائلٹ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ خلائی مشن کے لیے انتخاب کے بعد انہوں نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی، جس میں خلائی سفر، خلائی اسٹیشن کے ماحول اور مشن سے متعلق مختلف امور کی تیاری شامل تھی۔

پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں پاکستانی خلابازوں کے انتخاب اور تربیت کے حوالے سے معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت مختلف مراحل میں امیدواروں کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں اپریل 2026 میں پاکستان کے دو امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو منتخب کیا گیا۔ دونوں نے چین کے ایسٹروناٹ سینٹر میں خصوصی تربیت حاصل کی۔

چین روانگی سے قبل دونوں امیدواروں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم نے ان کے انتخاب کو پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا تھا۔

چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی نے 24 نومبر کو شینژو 24 مشن میں محمد ذیشان علی کی شمولیت کی باضابطہ تصدیق کی۔ مشن کے تین رکنی عملے میں چینی خلاباز تانگ ہونگبو کمانڈر جبکہ وو یی فلائٹ انجینئر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جب کہ ذیشان علی کو پے لوڈ اسپیشلسٹ مقرر کیا گیا ہے۔

خلائی جہاز 25 نومبر کو چینی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ بنتا ہے۔

مشن کے دوران ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر قیام کریں گے اور پاکستان و چین کے مشترکہ سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ اس مشن میں بائیوٹیکنالوجی اور مٹیریلز سے متعلق چار سائنسی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جن میں ضیائی تالیف کرنے والے خردبینی جانداروں پر تحقیق بھی شامل ہے۔

محمد ذیشان علی کی اس مشن میں شمولیت پاکستان کے انسانی خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ پرواز نہ صرف پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی نمائندگی کرے گی بلکہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں چینی اور غیر ملکی خلابازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.