یو اے ای میں سرکاری خدمات کے لیے اے آئی معاون ’میرا‘ متعارف
متحدہ عرب امارات نے سرکاری خدمات کے حصول کو آسان اور تیز رفتار بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ذاتی ڈیجیٹل معاون ’میرا‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کی خدمات مارچ 2027 سے مرحلہ وار شہریوں اور رہائشیوں کے لیے شروع کی جائیں گی۔
دبئی میں اس نئے نظام کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ یہ منصوبہ حکومت کے وژن ’گورنمنٹ 4.0‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت سرکاری خدمات کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
وزیر برائے کابینہ امور محمد عبداللہ القرقاوی نے ’میرا‘ کو متحدہ عرب امارات کی حکومت کا ذاتی ڈیجیٹل معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری اے آئی اسسٹنٹ ہے، جو ملک کے تمام شہریوں اور رہائشیوں کے لیے خدمات فراہم کرے گا۔
حکام کے مطابق میرا جدید ایجنٹک اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو سمجھ سکے گا، متعلقہ سرکاری اداروں سے معلومات حاصل کرے گا اور مختلف خدمات کے حصول کے لیے ضروری کارروائی خودکار انداز میں آگے بڑھائے گا۔
ابتدائی مرحلے میں مارچ 2027 سے رہائشی اجازت ناموں، شناختی دستاویزات، پاسپورٹ کی تجدید، تعلیم اور صحت سے متعلق خدمات فراہم کی جائیں گی۔ حکومت نے 2027 کے اختتام تک تمام سرکاری خدمات کو اس پلیٹ فارم پر دستیاب بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں اور رہائشیوں کو مختلف سرکاری محکموں کے چکر لگانے یا متعلقہ اداروں اور دستاویزی تقاضوں کی معلومات الگ الگ تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ میرا نہ صرف مطلوبہ معلومات فراہم کرے گا بلکہ ضروری دستاویزات کی تیاری اور خدمات کے حصول کے مراحل کو بھی آسان بنانے میں معاونت کرے گا۔