امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی کے وسائل شہر پر خرچ کرنے کے بجائے ان پر چند بااثر افراد قابض ہیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہر کے ساتھ سوتیلی ماں نہیں بلکہ ڈائن جیسا سلوک کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورے صوبے کو ریونیو فراہم کرتا ہے، اس لیے یہاں کے وسائل بھی شہریوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ پانی، صحت، تعلیم، روزگار اور معیاری پارکس شہریوں کا بنیادی حق ہیں، لیکن حقوق کا مطالبہ کرنے والوں کو لسانیت اور نفرت کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق سندھی اور مہاجر عوام کو لڑانے والی سیاست کو ناکام بنانا ہوگا اور تمام طبقات کو شہر کے حقوق کے لیے متحد ہونا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کارکنوں کو آئندہ انتخابات کی تیاری ابھی سے شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کو اپنے ووٹ تین گنا بڑھانے ہوں گے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر گزشتہ انتخابات میں 7 ہزار ووٹ حاصل ہوئے تھے تو اگلی مرتبہ 21 ہزار ووٹ کا ہدف مقرر کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کے ووٹ اور مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو اختیارات منتقل کیے جائیں اور اگر عوامی مینڈیٹ پامال کیا گیا تو پورا کراچی سڑکوں پر نکل آئے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے یکساں تعلیمی مواقع کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام بچوں کو معیاری تعلیم ملنی چاہیے اور امیر، متوسط یا غریب ہونے کی بنیاد پر تعلیم میں تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔ غربت کسی بچے کو اچھی تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم کرنے کا جواز نہیں بن سکتی۔