سندھ کی سیاست میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے، پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کر کے 29 نومبر کی ریلی سمیت اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کراچی میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت نثار احمد کھوڑو نے کی۔ وفد میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور سینیٹر وقار مہدی بھی شامل تھے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی، پارلیمانی لیڈر افتخار عالم، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد خان اور دیگر اراکین سندھ اسمبلی شریک ہوئے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم سے 29 نومبر کی ریلی کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اپنے فیصلے کر سکتی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ آئین کے مطابق ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قادر مگسی بھی کسی ردعمل میں ریلی نکال رہے ہیں اور اسمبلی میں قرارداد منظور ہونے کے باوجود اس معاملے پر بحث ختم نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 29 نومبر کی ریلی کا اعلان پہلے ہی کر رکھا تھا، اس لیے اب تاریخ قریب آنے پر اسے ملتوی کرنے کی درخواست پر غور کرنا آسان نہیں۔ ان کے مطابق اگر پہلے رابطہ کیا جاتا تو پارٹی کو سوچ بچار کے لیے زیادہ وقت مل سکتا تھا۔
فاروق ستار نے کہا کہ یہ انا کا مسئلہ نہیں بلکہ ہر شہری اور سیاسی جماعت کی عزت نفس کا معاملہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلی ملتوی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، تاہم اس مرحلے پر واپسی کا فیصلہ انتہائی مشکل ہوگا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ریلی میں مختلف زبانیں بولنے والے افراد شرکت کریں گے، جن میں میمن، گجراتی، مارواڑی، بلوچی، کشمیری، گلگتی اور سندھی شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کی بات کئی دہائیوں سے کی جا رہی ہے اور اگر صوبوں کے لفظ پر اختلاف ہے تو اسے انتظامی یونٹس کا نام دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں انتظامی یونٹس کا قیام ملکی بقا کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے اور ان کی جماعت کے پاس نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا مکمل خاکہ موجود ہے۔
فاروق ستار نے وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کو خود آگے بڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد دہشت گردی کے خلاف سیاسی اقدام کیا گیا تھا، اسی طرح انتظامی یونٹس کے معاملے کو بھی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان امن کی سفارت کاری میں کردار ادا کر رہا ہے، لیکن گزشتہ 20 برس کے دوران ملکی معیشت اور ترقی کی شرح 3 فیصد سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ ان کے مطابق چند سو خاندانوں کی اجارہ داری کا خاتمہ اور نئے انتظامی یونٹس کا قیام ملکی بقا کے لیے ضروری ہے۔