غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، یو این آر ڈبلیو اے کا کارکن جاں بحق، 3 زخمی
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ کارروائی میں اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے امدادی ادارے یو این آر ڈبلیو اے سے وابستہ ایک کارکن جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
واقعہ غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا، جہاں عدیل الحلو نامی کارکن پانی کے ایک کنویں کے قریب اپنے فرائض انجام دے رہا تھا۔ امدادی ادارے اور مقامی طبی حکام کے مطابق حملے میں تین دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
یو این آر ڈبلیو اے کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کا نشانہ پانی کے کنویں کے قریب سڑک پر موجود ایک مقام بنا، جہاں ادارے کا عملہ اور ایک سکیورٹی گارڈ تعینات تھے۔ عملہ پانی کے کنویں سے متعلق معمول کی ذمہ داریاں انجام دے رہا تھا۔
اسرائیلی فوج نے واقعے پر مؤقف دینے کے لیے موصول ہونے والی درخواست کا جائزہ لینے کا کہا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں امریکا کی حمایت سے ہونے والی جنگ بندی کے نتیجے میں غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی رک گئی تھی، تاہم اسرائیلی حملے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے اور حماس کو غیر مسلح کرنے کا معاملہ بھی حل طلب ہے۔
فلسطینی اور اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم 1600 فلسطینی اور پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج اس وقت غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر کنٹرول رکھتی ہے، جبکہ جنگ بندی کے وقت اس کا کنٹرول نصف سے زیادہ علاقے تک محدود تھا۔ حماس غزہ کے ساحلی حصے کے ایک محدود علاقے پر قابض ہے۔
غزہ پر اسرائیل کے دو سال سے زائد عرصے پر محیط حملوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور غذائی بحران پیدا ہوا ہے، جبکہ پورے علاقے کی آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔