تازہ ترین

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر اہم بات چیت

0

پاکستان اور ملائیشیا نے دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید وسعت دینے اور خطے کی سلامتی سے متعلق امور پر رابطے مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعظم انور ابراہیم سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن اور استحکام کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

قبل ازیں کوالالمپور میں ملائیشین وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور بری فوج، شاہی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔

بعد ازاں ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے ملاقات میں دفاعی شراکت داری کو وسعت دینے، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں ایک خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.