غزہ میں ایک ماہ کے دوران 6 ہزار 745 بچوں کی پیدائش، شدید سردی اور بارش نے مشکلات بڑھا دیں
جنگ اور شدید انسانی مشکلات کے باوجود غزہ میں اکتوبر کے دوران بچوں کی پیدائش کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، تاہم بے گھر فلسطینی خاندانوں کو سردی، طوفانی بارشوں اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر میں غزہ میں 6 ہزار 745 بچوں کی پیدائش ہوئی، جو علاقے کی تاریخ میں کسی ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ تعداد ہے۔
وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں روزانہ اوسطاً 218 بچوں نے جنم لیا، جبکہ ان میں سے 33 فیصد بچوں کی مائیں پہلی مرتبہ ماں بنی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ تعداد ستمبر کے مقابلے میں 3.6 فیصد زیادہ ہے، جو سال کے دوسرے نصف حصے میں پیدائش کی شرح میں بتدریج اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں شدید سردی اور طوفانی بارشوں نے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بارش کے باعث بے گھر افراد کے تقریباً 70 ہزار خیمے زیرِ آب آگئے۔
موسم کی سختی کے باعث بچوں میں بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پابندیوں کے باعث امدادی سامان کی عدم دستیابی کے دوران ایک بچے سمیت پانچ افراد جان سے گئے۔
شدید سردی اور بارش کے باعث خیموں میں رہنے والے خاندانوں کو بچوں کے لیے محفوظ جگہ فراہم کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بعض والدین اپنے بچوں کو ٹوکریوں اور ٹبوں میں سلانے پر مجبور ہیں۔
متاثرہ والدین نے سوال اٹھایا ہے کہ ایسے نامساعد حالات میں وہ اپنے بچوں کو کہاں رکھیں اور ان کی خوراک و ضروریات کیسے پوری کریں۔