بابا گورونانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، 2339 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے
بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارتی سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد شروع ہوگئی ہے۔ واہگہ بارڈر کے راستے آنے والے 2339 یاتریوں کا پاکستانی حکام اور سکھ رہنماؤں نے استقبال کیا۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے مجموعی طور پر 3019 ویزے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔
واہگہ بارڈر پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، صوبائی وزیر اقلیتی امور و چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر حکام نے یاتریوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج اور دیگر سکھ رہنما بھی موجود تھے۔
حکام نے یاتریوں کے لیے کھانے اور طبی سہولیات کا انتظام کیا تھا، جبکہ انہیں خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ بھارتی سکھ سنگت نے ساڑھے سات ہزار یاتریوں کے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم بھارتی حکومت نے تقریباً تین ہزار افراد کو اجازت دی۔ ان کے مطابق پاکستان نے درخواست دینے والے تمام بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سکھ برادری کے درمیان تاریخی، مذہبی اور روحانی تعلق ہے۔ بابا گورونانک دیو جی کی جنم بھومی ننکانہ صاحب میں واقع ہے، جو سکھ برادری کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کرتارپور راہداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 2019 میں یہ راہداری کھول کر سکھ یاتریوں کو مذہبی مقامات کی زیارت کی سہولت فراہم کی تھی، جہاں روزانہ پانچ ہزار یاتریوں کی آمد کی گنجائش رکھی گئی تھی۔ انہوں نے بھارت سے اپیل کی کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے بند کرتارپور راہداری دوبارہ کھولی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کو مذہبی آزادی اور اپنی الگ شناخت کے ساتھ زندگی گزارنے کے مواقع حاصل ہیں۔ پاکستان میں سکھ میرج ایکٹ موجود ہے، جبکہ پنجاب حکومت 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بورڈ مذہبی مقامات پر سہولیات کی فراہمی اور سکھ برادری کی خدمت کے لیے موجود ہے۔
سری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج نے کہا کہ وہ خطے میں امن کے لیے دعاگو ہیں اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے عقائد اور جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھ مذہب محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور تمام انسان ایک ہی نور سے پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے پر بھی زور دیا تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مقام کی زیارت کر سکیں۔
جتھے دار گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج نے پاکستان سے اپنے خاندانی اور تاریخی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ان کی پھوپھو لگتی ہیں، جبکہ ان کے آبائی گاؤں جبووال کے قریب جاتی عمرہ واقع ہے۔ انہوں نے اپنے اجداد کا تعلق معروف پہلوان گاما پہلوان کے گاؤں سے بھی بتایا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق یاتریوں کی آمد سے قبل گزشتہ تین ماہ سے انتظامات کیے جا رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی سکھ یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
حکام کے مطابق 23 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے، جبکہ 24 نومبر کو نگر کیرتن اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی بھوگ کی تقریبات ہوں گی۔ 25 نومبر کو یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب، کرتارپور صاحب اور لاہور میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب کی زیارت کریں گے۔
29 نومبر کو الحمرا لاہور میں بابا گورونانک دیو جی کی تعلیمات کے حوالے سے سمپوزیم منعقد ہوگا، جبکہ 30 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں ثقافتی اور صوفی نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، طبی امداد، سفری سہولیات اور سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ گوردواروں میں بینکنگ اور کرنسی ایکسچینج سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ یاتریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے تین ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔