گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ میں سب سے بڑا کردار تحریک انصاف کا ہے، تاہم حالات بہتر ہونے پر گورنر راج ختم کر دیا جائے گا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبہ ہمارے ہاتھ سے نکل رہا تھا، لیکن جب حالات درست ہو جائیں گے تو گورنر راج بھی ختم کر دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔
شوکت یوسفزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ان کا سافٹ ویئر بالکل ٹھیک ہے، البتہ پی ٹی آئی ترجمان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا ہے، اسی لیے وہ ٹی وی پر نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی پارٹی کی جانب سے گالم گلوچ کی تربیت نہیں دی گئی۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ کے ساتھ ان کا احترام کا رشتہ ہے اور وہ ان کے اپنے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم ان کی کوئی بات غلط ہو تو اسے غلط ہی کہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو شہدا اور ریاست سے متعلق بعض معاملات پر اعتراض تھا، لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں کو ماضی میں مولانا فضل الرحمان کے بارے میں دیے گئے بیانات پر معافی مانگنی چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ اس جنگ میں شکست کا کوئی آپشن نہیں، عوام کے تعاون سے کامیابی حاصل کرکے صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 40 روز سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور پشاور کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے ایسے آپریشنز جاری رہیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پولیس، فرنٹیئر کور اور پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی جائے گی، جس کے لیے عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔