یورپی یونین اور انڈونیشیا کے درمیان 10 سالہ مذاکرات کے بعد آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط
برسلز: یورپی یونین اور انڈونیشیا نے تقریباً 10 سال تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد تاریخی آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں تقریباً 73 کروڑ صارفین پر مشتمل ایک بڑی تجارتی منڈی قائم ہوگی۔
برسلز میں منعقدہ تقریب کے دوران دونوں فریقوں نے جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (CEPA) اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے (IPA) پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں کے لیے مذاکرات کا آغاز 2016 میں ہوا تھا۔
معاہدے کے تحت انڈونیشیا میں داخل ہونے والی یورپی یونین کی 98.5 فیصد درآمدی اشیا جبکہ یورپی یونین میں داخل ہونے والی انڈونیشیائی مصنوعات کی 90.4 فیصد اقسام پر درآمدی ڈیوٹیز ختم کر دی جائیں گی۔
توقع ہے کہ اس معاہدے سے یورپی برآمد کنندگان کو سالانہ 60 کروڑ یورو سے زائد کسٹم ڈیوٹی کی بچت ہوگی۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا کی جانب سے یورپی گاڑیوں پر عائد 50 فیصد درآمدی ڈیوٹی بھی پانچ سال کے دوران مرحلہ وار ختم کر دی جائے گی۔
دوسری جانب انڈونیشیا کو جوتوں، ٹیکسٹائل، ماہی گیری کی مصنوعات اور پام آئل سمیت اہم شعبوں میں یورپی منڈی تک ڈیوٹی کے بغیر رسائی حاصل ہوگی۔
معاہدے میں ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی سے متعلق شرائط بھی شامل کی گئی ہیں، تاہم چاول، چینی، انڈے، تازہ کیلے اور ایتھانول سمیت یورپی یونین کی بعض حساس زرعی مصنوعات کو ڈیوٹی میں رعایت سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
دونوں فریقوں کو معاہدے کی متعلقہ قانون ساز اداروں سے توثیق حاصل کرنا ہوگی، جس کے بعد اسے 2027 میں عارضی طور پر نافذ کرنے کا منصوبہ ہے۔