بٹگرام: آلائی بلیجہ میں خونی تصادم، 7 افراد کے قتل پر شہریوں کا شدید احتجاج
بٹگرام: ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی کے علاقے بلیجہ میں اراضی کے تنازع پر گزشتہ رات سے جاری مسلح تصادم اور 7 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے خلاف عوامی غم و غصہ شدت اختیار کر گیا۔
مشتعل مظاہرین نے لاش سڑک پر رکھ کر ٹریفک معطل کر دی اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔
مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر اور پولیس انتظامیہ پر مجرمانہ غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے یہ بڑا سانحہ پیش آیا۔
دوسری جانب علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہونے اور لڑائی میں شدت کے باوجود ڈپٹی کمشنر گوہر اور ڈی پی او اختر حیات میڈیا کو مؤقف دینے سے گریزاں ہیں، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے انہیں روک کر رکھا اور ان پر حملہ کیا گیا۔ مظاہرین کے مطابق چار قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے۔
احتجاجی مظاہرین نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
الائی بلیجہ واقعے پر ضلعی انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔