تازہ ترین

ہر بچے کو تعلیم، صحت اور تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، بلاول بھٹو

0

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر بچے کو تعلیم، صحت، تحفظ، مساوی مواقع اور روشن مستقبل فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، غربت، موسمیاتی تبدیلیوں اور سماجی ناہمواریوں کا سب سے زیادہ بوجھ بچے اٹھا رہے ہیں۔

عالمی یوم اطفال کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غیر معمولی مہنگائی، بے روزگاری، غربت، موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی سماجی ناہمواریوں کے منفی اثرات بچوں کی زندگیوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ان کی جماعت بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے مسلسل عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔ ان میں مفت تعلیم کا فروغ، صحت کی سہولیات میں بہتری اور بچوں کی نشوونما کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی شامل ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی اور تعلیمی و طبی سہولیات میں بہتری کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے تحفظ، تربیت اور روشن مستقبل کے لیے اپنی مشترکہ ذمہ داریاں پوری کریں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بچوں کو صرف بہتر مستقبل کے خواب دکھانا کافی نہیں بلکہ انہیں ایسا حال فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا اعتماد اور حوصلہ رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں، آنکھوں میں خواب اور دلوں میں امید ہوگی تو پاکستان ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.