تازہ ترین

۔ پاکستان اور انڈونیشیا کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق ’’ایلنگ اسٹرائیک تھری‘‘ کامیابی سے مکمل

0

پاکستان اور انڈونیشیا کی افواج نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کا ایک اور مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔ دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشق ’’ایلنگ اسٹرائیک تھری‘‘ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں دونوں افواج کے جوانوں نے حصہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ مشق 9 نومبر کو شروع ہوئی تھی، جس کا انعقاد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں کیا گیا۔

تربیتی سرگرمیوں کے دوران پاک فوج اور انڈونیشین آرمی کے اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کے مختلف شعبوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے عملی مشقیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشق کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والے تجربات کا تبادلہ، آپریشنل طریقہ کار میں بہتری اور مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانا تھا۔

اس دوران دونوں افواج کے درمیان باہمی تعاون، مؤثر عملی حکمت عملیوں کے تبادلے اور جنگی مہارتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ فوجی جوان موجودہ دور کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ’’ایلنگ اسٹرائیک تھری‘‘ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط فوجی تعاون کی عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس نوعیت کی مشترکہ فوجی مشقوں سے پاکستان اور انڈونیشیا کے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ عسکری تعاون کو وسعت دینے کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.