بلوچستان کے علما کرام اور دینی مدارس کے مہتممین نے مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس کسی ایک فرقے، خاندان، تنظیم یا سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں ہیں، انہیں سیاسی مقاصد، احتجاج، دھرنوں یا ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
کوئٹہ میں مدارس کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ مہراللہ نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مدارس کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم، دین اسلام کی ترویج، اسلامی اقدار کا تحفظ اور اخلاقی تربیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کو کسی سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں سمجھنا چاہیے اور نہ ہی انہیں کسی سیاسی طاقت یا جماعت کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ وہ دینی مدارس اور ان کے طلبہ کو کسی بھی سیاسی مقصد یا مذہبی انتہا پسندی کے لیے استعمال کرنے کے سخت خلاف ہیں۔
حافظ مہراللہ نے کہا کہ مدارس کو ریاست کے خلاف سیاسی احتجاج، دھرنوں اور ریلیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مدارس کی آزادی، خودمختاری اور غیر سیاسی تشخص کا تحفظ ضروری ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے اکثر علما کرام اور مدارس کے مہتممین بھی مشترکہ پریس کانفرنس کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مدارس کی سرپرستی اور معاونت کی جائے تاکہ وہاں زیر تعلیم بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کردار ادا کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس میں جدید عصری علوم کی سہولیات فراہم کی جائیں اور طلبہ کو لیپ ٹاپ جبکہ اساتذہ کو بھی ضروری سہولیات مہیا کی جائیں۔
حافظ مہراللہ نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کی اکثریت غریب گھرانوں سے تعلق رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی میں اس جماعت سے وابستہ کوئی عالم دین موجود نہیں، اس لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو چاہیے کہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے دے اور انہیں سیاست کا ایندھن نہ بنائے۔
اس موقع پر حافظ ڈاکٹر علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دینی مدارس کی خودمختاری ضروری ہے۔ ان کے مطابق ایک سیاسی جماعت مدارس کو سیاست کے لیے استعمال کر رہی ہے اور مدارس کے پلیٹ فارم کو حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مدارس پر کسی مخصوص جماعت کی اجارہ داری قبول نہیں۔ ان کا الزام تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مدارس کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتی ہے، جبکہ مدارس میں پڑھانے والے علما غریب ہیں۔
حافظ ڈاکٹر علاؤالدین سارنگ نے مزید کہا کہ جے یو آئی (ف) اسمبلی کی رکنیت سرمایہ داروں کو دیتی ہے اور بلوچستان اسمبلی میں اس جماعت کے ارکان میں کوئی عالم دین شامل نہیں۔