پاکستان بھارت سے الزامات نہیں، ثبوتوں کی بنیاد پر بات چیت چاہتا ہے، مصدق ملک
نئی دہلی: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی سے متعلق تحفظات دور کرنے کے لیے شفاف اور شواہد پر مبنی طریقہ کار تشکیل دیا جانا چاہیے، دونوں ممالک کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے ٹھوس ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔
نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم کے موقع پر جمعے کو میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ کثیرالجہتی فورم پر ہونے والی بات چیت کو صرف پاکستان اور بھارت کے باہمی معاملات تک محدود نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ خطے کو درپیش چیلنجز ان دونوں ممالک سے کہیں زیادہ وسیع ہیں۔
انہوں نے ایران، وسطی ایشیا اور افغانستان میں سکیورٹی سے متعلق مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پورا خطہ پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے وسیع اور منظم حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
تاہم دہشت گردی سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے باعث ہزاروں جانوں کا نقصان اٹھا چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب بھی دہشت گردی کا معاملہ زیرِ بحث آئے تو شفافیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اپنے اپنے شواہد سامنے لانے چاہئیں۔ پاکستان کا مقصد ایک ایسا شفاف طریقہ کار قائم کرنا ہے جس کی تجویز وہ متعدد مواقع پر پیش کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نظام باہمی اعتماد کی بحالی اور قابلِ عمل حل تلاش کرنے میں مدد دے سکتا ہے، کیونکہ اکثر الزامات تو عائد کیے جاتے ہیں لیکن ان کے حق میں ضروری شواہد پیش نہیں کیے جاتے۔
وفاقی وزیر نے تسلیم کیا کہ پاکستان اور بھارت دونوں دہشت گردی کے واقعات کا سامنا کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کو درپیش مسائل کے مستقل حل کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفرادی واقعات پر توجہ دینے یا ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے علاقائی مسائل کو ٹھوس شواہد پر مبنی منظم طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ وہ خود کو صرف متاثرہ فریق کے طور پر پیش نہیں کرنا چاہتے بلکہ پاکستان صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔