امریکا نے ایرانی تیل کی فروخت میں مدد دینے والے نیٹ ورکس پر پابندیاں لگا دیں
امریکا نے ایران کے تیل کی بیرون ملک فروخت اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کی منتقلی میں مبینہ طور پر معاونت کرنے والے ایرانی تاجروں اور حکومت سے منسلک سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا کہ یہ کارروائی ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا حصہ ہے۔ واشنگٹن کا الزام ہے کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور نیٹ ورکس ایران کو بیرون ملک تیل فروخت کرنے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم اپنے پاس رکھنے میں مدد فراہم کر رہے تھے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق نئی پابندیاں دو صدارتی احکامات کے تحت عائد کی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک حکم ایران کے پیٹرولیم، پیٹروکیمیکل اور ہوا بازی کے شعبوں کو ہدف بناتا ہے، جبکہ دوسرا انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اختیارات کے تحت پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایرانی حکومت اپنے شہریوں کے مفادات کے بجائے اپنے اقتدار اور مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام ایرانی شہری روٹی اور ایندھن کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ حکومت تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کے انتظام میں مصروف ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا کہ ایران کا سمندر کے ذریعے تیل کی ترسیل کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے اور ممکن ہے کہ تہران کو پہلے فروخت کیے گئے تیل کی آمدنی بھی موصول نہ ہوسکے۔ انہوں نے ایرانی حکومت کی معاشی صورتحال کو ڈوبتے ہوئے جہاز سے تشبیہ دی۔