تازہ ترین

ایرانی پارلیمان کا آن لائن اجلاس اراکین کے احتجاج کے باعث ملتوی

0

ایران کی پارلیمان میں تکنیکی مسائل اور بعض ارکان کے احتجاج نے ہفتہ وار آن لائن اجلاس کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی روک دی، جس کے باعث اجلاس ملتوی کرنا پڑ گیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق اسلامی مشاورتی اسمبلی کا ہفتہ وار اجلاس ویبینار کی صورت میں نائب اسپیکر علی نیکزاد کی سربراہی میں منعقد ہونا تھا، تاہم کارروائی شروع ہونے سے قبل ہی اختلافات سامنے آگئے۔

رپورٹس کے مطابق تہران سے منتخب ارکان حمید رسائی، مہدی کوچکزادہ اور علی خزریان جبکہ اصفہان سے منتخب رکن حامد یزدیان نے احتجاج کیا کہ حمید رسائی کا ٹیبلٹ فعال نہیں تھا، جس کے باعث وہ اجلاس میں مؤثر طور پر شرکت نہیں کر پا رہے تھے۔

اسنا کے مطابق احتجاج کے دوران شور شرابہ بھی ہوا اور اجلاس کی کارروائی متاثر ہونے کے بعد اسے ملتوی کر دیا گیا۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے النا کے مطابق رکن پارلیمان حسین علی حاجی دلیگانی نے مطالبہ کیا کہ حمید رسائی اب جیل میں نہیں ہیں، اس لیے ان کا حقِ رائے دہی بحال کیا جائے تاکہ وہ پارلیمانی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

واضح رہے کہ حمید رسائی کو ایک نجی شکایت پر قید کی سزا ہوئی تھی اور وہ تقریباً 50 روز بعد گزشتہ ہفتے رہا ہوئے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.