تازہ ترین

کراچی میں دوبارہ 12 مئی کا دن نہیں ہونے دیں گے، مرتضیٰ وہاب

0

کراچی میں امن، سیاسی ہم آہنگی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ماضی جیسے پرتشدد واقعات دوبارہ نہیں ہونے دیے جائیں گے اور تمام سیاسی مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔

اورنگی ٹاؤن میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہنا چاہیے، کیونکہ مسائل کا حل مذاکرات ہی میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ شہر میں کوئی سڑک بند نہ ہو اور تمام معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھائے جائیں۔ نئی نسل کو امید کی کرن دکھانا اور شہر میں بہتر ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ رواں سال کراچی بھر میں 165 سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلا تفریق اور بلا تعصب عوام کی خدمت کر رہی ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ماضی کے برعکس اب کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن عملی طور پر کام کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ امن کے قیام سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور معاشرے سے تعصب کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایسا کراچی چاہتے ہیں جہاں خوف کا ماحول نہ ہو، بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ ختم ہو اور بھتے کی پرچیاں دینے کا دور دوبارہ نہ آئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.