پاک چین دوستی کا خلائی میدان میں ایک اور سنگِ میل، شین ژو-24 کی لانچنگ مشق کامیاب
پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چینی خلائی جہاز شین ژو-24 کی لانچنگ سے قبل مشق کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر پر شین ژو-24 خلائی جہاز کی کامیاب لانچنگ ڈرل کی گئی۔ پرواز سے قبل عملے کی اس مشترکہ مشق میں تینوں خلا بازوں نے تمام آپریشنز درست طریقے سے انجام دیے۔
چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی عہدیدار زو لو نے بتایا کہ مشترکہ مشق کے دوران تینوں خلا باز پُرعزم تھے اور انہوں نے تمام آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے۔
زو لو کے مطابق تمام تر تربیت مکمل ہونے کے بعد ایک پاکستانی خلا باز بھی چین کے شین ژو-24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں جائے گا۔
اس پیش رفت کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کے حوالے سے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور خلائی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔