بلوچستان کے ضلع خضدار اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اچانک زمین لرزنے پر شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی مختلف علاقوں میں شہریوں نے احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے باہر کھلی جگہوں کا رخ کیا۔
زلزلے کے باعث علاقے میں کچھ دیر خوف و تشویش کی فضا برقرار رہی، تاہم دستیاب اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
حکام کی جانب سے زلزلے کے مقام، گہرائی اور دورانیے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے پر صورتحال واضح ہو سکے گی۔