تازہ ترین

لبنان کے یوم آزادی پر صدر پاکستان کا لبنانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام

0

پاکستان نے لبنان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے لبنانی سرزمین کی خلاف ورزیوں اور دراندازیوں کی مذمت کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لبنان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دشمنی کے خاتمے، جنگ بندی کے انتظامات پر مکمل عملدرآمد اور لبنان کے تمام مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل اور غیر مشروط انخلا پر زور دیا ہے۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے لبنان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر جنرل جوزف عون کے نام خط ارسال کیا، جس میں انہوں نے حکومت اور عوام پاکستان اور اپنی جانب سے لبنانی عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔

صدر مملکت نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور ثقافتی روابط پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، بالخصوص قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جنگ بندی کے انتظامات کی سختی سے پابندی ضروری ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے لبنان کی جانب سے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے، قومی یکجہتی برقرار رکھنے اور پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.