اسلام آباد: بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، عوامی سہولیات کی بہتری اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران بلوچستان کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبے کی ترقیاتی ضروریات پوری کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور مؤثر تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔ شرکا نے صوبے میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔