تازہ ترین

یوسف رضا گیلانی کی تھائی سینیٹ کے صدر سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری پر گفتگو

0

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو دورہ تھائی لینڈ کے موقع پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں انہوں نے تھائی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے ملاقات میں پارلیمانی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں تھائی لینڈ پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

اس سے قبل سید یوسف رضا گیلانی نے تھائی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے اور دوطرفہ روابط کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں پارلیمانی سفارت کاری، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے پارلیمانی دوستی گروپس اور آسیان کے ساتھ روابط کے ذریعے پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

عشائیے کے دوران بھی شرکا نے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.