حیدرآباد: صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پہلے بھی ایک تھا، آج بھی ایک ہے اور آئندہ بھی متحد رہے گا، صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی تجویز کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں عوامی لائبریری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ واضح ہے، جس کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کی تجویز پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ متعلقہ آئینی شق میں اس کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ تاہم اگر ریفرنڈم کی تجویز پر عملدرآمد کیا گیا تو ان کی جماعت عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ترقی اور خوشحالی پر مبنی ہے اور اسی کے تحت سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ان کے مطابق حیدرآباد کو شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اربوں روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے، جس میں حیدرآباد اور کراچی دونوں کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعطل کا شکار سرمست ہاؤسنگ اسکیم پر دوبارہ کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ گرلز میڈیکل یونیورسٹی کی تعمیر بھی جاری ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ قاسم آباد میں لائبریری کے قیام کا کام تجاوزات ہٹانے کے بعد شروع کیا گیا۔ ماضی میں بڑی تعداد میں نوجوان اس لائبریری کے باہر قطاروں میں کھڑے ہوتے تھے، جس سے ان کے لیے بہتر تعلیمی اور مطالعاتی سہولیات کی ضرورت واضح ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ادارے قائم کیے جا رہے ہیں۔
سندھ میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پارٹی نے صوبے کو تباہ کر دیا ہے۔ ان کے بقول اگر ایسا ہوتا تو لوگ ہر انتخاب میں پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیتے؟
انہوں نے کہا کہ متعدد چیلنجز اور سیاسی محاذ آرائی کے باوجود پیپلز پارٹی کو عوامی حمایت حاصل رہی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب شرجیل انعام میمن جیل میں تھے تب بھی لوگوں نے انہیں ووٹ دیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری واضح کر چکے ہیں کہ پیپلز پارٹی وزیراعظم کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے، تاہم ان کے مطابق وزیراعظم نے اب تک صوبوں کے معاملے پر بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ بعض وفاقی وزرا، کاروباری شخصیات اور دانشوروں کی جانب سے نئے صوبوں اور ریفرنڈم سے متعلق تجاویز پیش کی گئی ہیں، تاہم یہ غیر ضروری بحث ہے کیونکہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں پہلے ہی واضح طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت ضروری ہے۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی ماضی کی مختلف حکومتوں کے دوران متعدد مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہے۔ ان کے مطابق سندھ کے عوام کا بھی اس معاملے پر واضح مؤقف ہے اور وہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ متحد ہیں، جبکہ صوبے کی علاقائی سالمیت اور وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔