تازہ ترین

حکومت کا گندم کے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن درآمد کرنے کی سفارش کا فیصلہ

0

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی یورپی یونین سے تجارت اور برآمدات بڑھانے کے لیے متعلقہ اداروں کو بروقت اقدامات، بین الوزارتی رابطوں اور فعال سفارتی کوششوں کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ہفتے کو یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی جی ایس پی پلس حیثیت کا جائزہ لینے کے لیے بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکریٹریز خارجہ، تجارت اور اطلاعات و نشریات، بیلجیم و یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر اور وفاقی و صوبائی وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت بین الاقوامی کنونشنز اور ضابطہ جاتی معیارات پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ ادارہ جاتی اقدامات اور سفارتی رابطوں کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب اسحاق ڈار نے ملک بھر میں بنیادی غذائی اجناس کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کو قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت یا قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت کی۔

اجلاس میں گندم کے ملکی ذخائر اور مارکیٹ میں رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مناسب قیمتوں پر وافر ذخائر برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر گندم درآمد کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیر تجارت، معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام اور صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی ملک بھر میں قیمتوں کے استحکام اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد پر زور دیا۔ اجلاس میں مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.