بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا ننکانہ صاحب میں باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت اور سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی، سہولت اور حفاظت کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی مقرر کردی گئی ہیں، جبکہ تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کا انتظام کیا گیا ہے۔ گوردواروں اور تقریبات کے مقامات پر سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ یاتری بلاخوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کرسکیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ یاتریوں کی مہمان نوازی، عزت و احترام اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے مطابق پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی اور احترام حاصل ہے۔ پاکستانی قوم سکھ برادری کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کا رشتہ رکھتی ہے۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد سکھ یاتری پاکستان سے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام لے کر واپس جائیں گے۔