تازہ ترین

سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی بڑھنے کا خدشہ

0

محکمہ موسمیات نے بارشوں میں مسلسل کمی کے باعث سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آئندہ تین ماہ کے دوران خشک سالی کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس سے ربیع کی فصلوں، خصوصاً گندم کی پیداوار متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر تک سندھ اور بلوچستان میں مسلسل معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران بارشیں معمول سے 90 فیصد کم رہیں، جبکہ اکتوبر میں بارشوں کی کمی 100 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم سے 20 نومبر تک سندھ میں بارشیں معمول سے 99 فیصد کم رہیں۔ دوسری جانب بلوچستان میں بھی صورتحال تشویشناک رہی، جہاں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم بارشیں ہوئیں، جبکہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں بارشوں کی کمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے باعث گندم سمیت ربیع کی دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بارشیں نہ ہونے سے زمین میں نمی کی مقدار نمایاں طور پر کم ہوگی، جبکہ زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال میں بارانی علاقوں کے کسانوں، فصلوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خشک سالی سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں اور آبادیوں کی فوری نشاندہی کریں تاکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

حکام کے مطابق خشک سالی کا الرٹ فی الحال احتیاطی تدبیر کے طور پر جاری کیا گیا ہے اور کسی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔ محکمہ موسمیات خشک سالی کی موجودہ صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.