مریخ پر پراسرار جنگل، ناسا کی تصویر نے سائنسدانوں کو حیران کردیا
مریخ پر درختوں سے مشابہ سیاہ لکیروں کی تصویر سامنے آئی ہے، جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کسی برفیلے علاقے میں درختوں کا جنگل موجود ہو، تاہم حقیقت میں یہ درخت نہیں بلکہ ریت کے ٹیلوں پر بننے والے نشانات ہیں۔
ناسا کے مریخ گرد مدار میں موجود خلائی جہاز مارس ریکونیسنس آربیٹر نے مریخ کے شمالی قطب کے قریب یہ تصویر کھینچی، جس میں برف سے ڈھکے ریت کے ٹیلوں پر سیاہ لکیریں دکھائی دے رہی ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق مریخ پر سردیوں میں ریت کے ٹیلے کاربن ڈائی آکسائیڈ کی برف سے ڈھک جاتے ہیں۔ موسم بہار میں سورج کی روشنی پڑنے سے یہ برف گرم ہوتی ہے اور پگھلنے کے بجائے براہ راست گیس میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
اس عمل کے دوران برف کے نیچے گیس جمع ہونے سے دباؤ بڑھتا ہے اور برف کی تہہ پھٹ جاتی ہے۔ گیس کے ساتھ سیاہ ریت بھی باہر نکل کر ٹیلوں کی ڈھلوانوں سے نیچے بہنے لگتی ہے، جس سے درختوں جیسی سیاہ لکیریں بن جاتی ہیں۔
ناسا کی تصویر میں ریت کے ایک ٹیلے سے اٹھتا گردوغبار بھی دکھائی دیتا ہے، جو ریت کے اچانک نیچے گرنے کے نتیجے میں پیدا ہوا۔
تحقیق کے مطابق مریخ پر ریت کے یہ ٹیلے موسمی تبدیلیوں کے باعث مسلسل اپنی جگہ بدلتے رہتے ہیں اور بعض ٹیلوں کے نچلے حصے ایک مریخی سال میں 4.7 میٹر تک آگے بڑھ سکتے ہیں۔
موسم گرما میں برف ختم ہونے کے بعد مریخ کی ہوائیں ان سیاہ لکیروں کو بھی مٹا دیتی ہیں، جس کے بعد اگلی سردیوں میں یہ منظر دوبارہ سامنے آتا ہے۔