ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے اہم مقابلے میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کرلی۔ پاکستانی ٹیم کے 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 313 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 79 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت نے 59 اور فرحان یوسف نے 56 رنز اسکور کیے۔
محمد عمران نے بھی 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ حسن نواز کو 79 رنز بنانے اور تین اہم وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت اے کی جانب سے ہرشت رانا اور پرنس یادو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 49.1 اوورز میں 265 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ تلک ورما نے 100 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ابھیشیک شرما 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عمران نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اہم کامیابی حاصل کی۔